ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دارالقضاء ضلع اڈپی کا آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ سے الحاق : مسلمانوں کو اپنے عائلی مسائل کے حل کے لئے دارالقضاء سے رجوع ہونے کی اپیل

دارالقضاء ضلع اڈپی کا آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ سے الحاق : مسلمانوں کو اپنے عائلی مسائل کے حل کے لئے دارالقضاء سے رجوع ہونے کی اپیل

Sun, 24 Dec 2017 18:07:49    S.O. News Service

کنداپور 24/ڈسمبر (ایس او نیوز) سن 2002 سے قائم دارالقضاء ضلع اُڈپی کو  آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ سے الحاق کرنے کے تعلق سے تعلقہ کے کنڈلور میں سنیچر کو ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں  مہمان خصوصی مولانا عبد العلیم صاحب قاسمی  (رکن تأسیسی آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ و نائب صدر آل انڈیا ملی کونسل) نے دارالقضاء کا منظوری نامہ  قاضی شریعت ضلع اڈپی مولانا عبید اللہ ابوبکر ندوی کے سپرد کیا اس موقع پر ایک اور مہمان خصوصی و قاضی و نائب قاضی مفتی عبد الکریم ندوی گنگولی اور اسٹیج پر تشریف فرما دیگرعلماء کرام نے لوگوں کے سامنے منظوری  نامہ دکھا یا پھر مفتی جمیل اختر جلیلی ندوی نے عربی زبان میں تحریر شدہ منظور نامہ سامعین کے سامنے پڑھ کر عام فہم انداز میں اس کا ترجمہ بھی پیش کیا.اس منظوری نامہ میں دارلقضاء ضلع اڈپی کے قاضی صاحب کو ضلع اڈپی کے ساتھ قرب وجوار کے اضلاع نیز جن جن علاقوں میں دارالقضاء کا نظام نہیں ہے ان علاقوں کے تنازعات کے حل کی بھی اجازت دی گئی ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا عُبیداللہ ابوبکر ندوی نے بتایا کہ  دارالقضاء ضلع اڈپی کو پورے کرناٹک میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ سے الحاق ہونے کا اولین شرف حاصل ہوچکا ہے. انہوں نے کہا کہ سنیچر حضرت مولانا مفتی عتیق احمد بستوی دامت برکاتہم (سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ) کی تشریف آوری منظوری کی تفویض کے لئےطے تھی لیکن پرسنل لاء ہی کی ایک ضروری و اہم میٹنگ کی وجہ سے وہ تشریف نہیں لا سکے۔

 جلسہ کا آغاز قرأت و نعت سے ہوا. بعد ازاں مولانا ضمیر احمد خلیفہ رشادی(استاد حدیث جامعہ ضیاء العلوم کنڈلور نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا. مولانا مفتی صابر حسین ندوی (استاد جامعہ کنڈلور) نے مسلم پرسنل لاء بورڈ کی اہمیت افادیت اور عصر حاضر میں اس کی کارکردگی و ضرورت پر لب کشائی فرمائی. پھر ایک اور استاد حدیث مولانا مفتی جمیل اختر جلیلی ندوی نے دارالقضاء کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے مسلم پر سنل لاء سے الحاق کی حقیقت و فوائد بیان فرمائے

مہمان خصوصی مولانا عبد العلیم صاحب قاسمی  نے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ  دور حاضر میں مسلم پرسنل لاء بورڈ کی اہمیت اور معاشرہ میں دارالقضاء کی افادیت و ضرورت نیز امت مسلمہ میں تمام ذمہ داروں و کارکنوں کو دارالقضاء سے متعلق عوام میں بیداری پیدا کرنے اور اپنا ہر مسئلہ قرآن و حدیث سے حل کرانے کی طرف توجہ دلانے کی ترغیب دی.مولانا نے  دینی کاموں میں مصروف رہنے والوں کی ہمت افزائی کرتے ہوئے  ان کی چھوٹی چھوٹی خامیوں پر نکتہ چینی کرنے سے بچے رہنے کا پیغام دیا. اخیر میں قاضی و ناظم جامعہ نے مہمانوں اور سامعین کا اور خاص طور پر آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر و تمام اراکین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے اتحاد و اتفاق اور سب مل جل کر کام کرنے اور اس کو آگے بڑھانے کی بات کرتے ہوئے مختصر دعا کے بعد جلسہ کے اختتام کا اعلان کیا.


Share: